لودھراں(روشن پاکستان نیوز) میں باراتیوں سے بھری ایک کوسٹر کے ٹرک سے ٹکرا جانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں خوشیوں سے بھرا گھر لمحوں میں غم میں بدل گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں چار افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 28 افراد زخمی ہو گئے، حادثہ اس وقت پیش آیا جب کوسٹر تیز رفتاری کے باعث سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔
تصادم اتنا شدید تھا کہ کوسٹر کو شدید نقصان پہنچا اور کئی مسافر اندر ہی پھنس گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی ہے، جبکہ اہلِ خانہ کی آہ و بکا دل دہلا دینے والی تھی۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔











