پشاو(روشن پاکستان نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ کارکنان صبر سے کام لیں۔ کیونکہ بہت جلد سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو رہا کرا لیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوابی میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کارکنوں میں جو جذبہ نظر آ رہا ہے۔ ایسا جوش انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی بیماری کو پارٹی، وکلا اور حتیٰ کہ ان کے خاندان سے بھی چھپایا گیا۔ جبکہ ذاتی معالج تک بھی رسائی نہیں دی جا رہی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ کارکنوں کے جذبے اورسابق وزیراعظم عمران خان کے درمیان صرف چند لمحوں کا فاصلہ رہ گیا ہے۔ تھوڑا انتظار کریں، انشاء اللہ اپنے لیڈر کو رہا کرائیں گے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا آپریشن رات کے اندھیرے میں کیا گیا۔ اس کے بعد 5 دن تک پوری قوم سے یہ حقیقت چھپائی گئی۔ اور قوم سے جھوٹ بولا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی ملاقات ان کے ذاتی معالج سے کروائی جائے۔ تاہم اس پر بھی عمل نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان مکمل طور پر صحت مند ہیں، پمز میں معمول کا طبی معائنہ ہوا، عطا اللہ تارڑ
انہوں نے کہا کہ وہ اڈیالہ جیل کے باہر دو دن تک موجود رہے۔ لیکن ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ بعض بااثر عناصر نے ان کے ہاتھ باندھ رکھے ہیں۔ جس کی وجہ سے وہ اپنے قائد سے ملاقات نہیں کر سکے۔











