منگل,  27 جنوری 2026ء
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 175 کلوگرام منشیات برآمد، ایک ملزم گرفتار

اسلام آباد / پشاور(عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تین کارروائیوں کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 175 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

اے این ایف کے مطابق پہلی کارروائی باچا خان ایئرپورٹ پر کی گئی جہاں بحرین جانے والے ایک مسافر کے سامان سے ایک کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جس پر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 2 خواتین سمیت 15 ملزمان گرفتار

دوسری کارروائی پشاور میں حاجی کیمپ کے قریب ایک کوریئر آفس میں کی گئی، جہاں پانچ نیڈر مشینوں میں چھپائی گئی 60 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔

تیسری کارروائی بلکسر انٹرچینج، کلرکہار کے مقام پر عمل میں لائی گئی، جہاں ایک گاڑی کے خفیہ خانوں سے 114 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

اے این ایف حکام کے مطابق تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزم یا ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

مزید خبریں