راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) شہر میں 6 فروری تک دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کردی گئی اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے دفعہ 144 کے نفاذ میں 6 فروری تک توسیع کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب آج بانی پاکستان تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کا دن ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے رہنماؤں اور وکلا کی ملاقات کی فہرست گزشتہ روز جیل انتظامیہ کو بھجوا دی گئی تھی۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ آج اڈیالہ جیل جائیں گے، ملاقات کی فہرست میں عارف حسین تیتلا، فیصل ملک، حسین مرتضیٰ سنبل اور نعیم حیدر پنجوتھہ کے نام بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور بشریٰ بی بی کے اہلِ خانہ کے افراد بھی ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچیں گے۔
سیکیورٹی خدشات کے باعث جیل اور اطراف کے علاقوں میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔










