پیر,  26 جنوری 2026ء
بلوچستان ملازمین کی حمایت میں وفاقی ملازمین کا بھرپور احتجاج، 10 فروری کو لاہور دھرنے کا اعلان
بلوچستان ملازمین کی حمایت میں وفاقی ملازمین کا بھرپور احتجاج، 10 فروری کو لاہور دھرنے کا اعلان

اسلام آباد(عرفان حیدر) بلوچستان گرینڈ الائنس کے گرفتار قائدین کی رہائی اور وزیراعظم کی ہدایت پر قائم حکومتی کمیٹی کے ساتھ ہونے والے تحریری معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف وفاقی ملازمین نے بلوچستان کے ملازمین اور قائدین کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔

آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (آگیگا) فیڈرل کی کال پر سینکڑوں وفاقی ملازمین نے رحمان علی باجوہ، چیف کوآرڈینیٹر آگیگا پاکستان، کی قیادت میں وزارتِ خزانہ سے سیکرٹریٹ چوک تک پُرامن ریلی نکالی۔ ریلی میں سیکرٹریٹ کے ملازمین سمیت آگیگا فیڈرل کی تمام تنظیموں اور ایسوسی ایشنز کے قائدین و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کا مقصد بلوچستان میں مختلف تنظیموں کے قائدین اور ملازمین کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج اور سرکاری ملازمین کے جائز و آئینی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ تھا۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے مطالبہ کیا گیا کہ صوبائی ملازمین کو ان کے حقوق دیے جائیں اور گرفتار ملازمین و قائدین کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

فیڈرل ملازمین کا پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج، سیکریٹریٹ کے گیٹ بند، مذاکرات جاری

دوسری جانب وزارتِ داخلہ نے وزیراعظم کی ہدایت پر مشیرِ وزیراعظم رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں 27 جنوری بروز پیر ہونے والے اجلاس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اجلاس میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وزیر مملکت خزانہ، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، اسپیشل سیکرٹری داخلہ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد رحمان علی باجوہ کی قیادت میں آگیگا کے وفد سے تحریری معاہدے پر پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔

ریلی کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان علی باجوہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے گرفتار قائدین اور ملازمین کو فوری رہا کیا جائے، آگیگا اور حکومتی کمیٹی کے درمیان ہونے والے تحریری معاہدے پر مکمل عملدرآمد کیا جائے، پینشن اصلاحات کے نام پر ملازمین کے معاشی قتلِ عام کو روکا جائے، درجہ چہارم کے ملازمین کو اگلے اسکیل کی مراعات دی جائیں، اساتذہ اور ریسرچرز کے ٹیکس ریبیٹ بحال کیے جائیں، کنٹریکٹ اور ایڈہاک ملازمین کو ریگولر کیا جائے، رول 17-اے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اداروں کی نجکاری کا عمل فوری روکا جائے۔

سی ڈی اے ایمپلائز یونین کے عامر خان اور فیڈرل ایجوکیشن سے اظہر اعوان نے کہا کہ وفاقی ملازمین کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبائی اور وفاقی ملازمین آگیگا کے پلیٹ فارم پر متحد ہیں، اور کسی ایک کے حق پر ڈاکا سب کے حق پر ڈاکا تصور کیا جائے گا۔

لیبر یونٹی آئیسکو کے صدر عاشق خان نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے حوالے سے کہا کہ یکطرفہ فیصلے مسلط نہ کیے جائیں بلکہ ملازمین کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے جو حقائق وزیراعظم اور عوام کے سامنے رکھے۔

ریلی کے اختتام پر رحمان علی باجوہ نے اعلان کیا کہ 10 فروری 2026 کو آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس فیڈرل ملک بھر سے، بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر، لاہور میں پنجاب کے ملازمین کے ساتھ مکمل یکجہتی کے طور پر سول سیکرٹریٹ چوک میں دھرنے میں شرکت کرے گی۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مثبت کردار کے باعث ریلی پُرامن رہی۔ رحمان علی باجوہ نے رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں حکومتی کمیٹی کے اجلاس کے نوٹیفکیشن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے ملازمین کی بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ آگیگا اپنے باقی ماندہ مطالبات بھی بھرپور انداز میں حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھے گی۔

مزید خبریں