پیر,  26 جنوری 2026ء
گل پلازہ سانحہ: پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے اسباب تلاش کرنے کی ضرورت ہے، سحر کامران

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)  پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے گل پلازہ کے اندوہناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک قومی سانحہ ہے جس پر سیاست چمکانا افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔

اپنے بیان میں سحر کامران نے کہا کہ ہم سب اس دلخراش واقعے پر غمزدہ ہیں، تاہم کسی ایک سانحے کو پوائنٹ اسکورنگ کے لیے استعمال کرنا نہ صرف نامناسب بلکہ متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی حادثہ ایک دن میں پیش نہیں آتا، اس کے پیچھے کئی عوامل کارفرما ہوتے ہیں، جن کی نشاندہی کرنا اور مستقبل میں بہتری کے لیے اقدامات کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے وفاقی وزرا خواجہ آصف اور مصطفیٰ کمال کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات غیر مناسب ہیں اور ایک بار پھر نفرت، تقسیم اور انتشار کو ہوا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو اس نازک وقت میں ملک کے مفاد میں نہیں۔

زرعی پالیسیوں پر سحر کامران کی کڑی تنقید، کسانوں کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ

سحر کامران کا کہنا تھا کہ سندھ صوبہ ملک کو بجلی، گیس، ریونیو اور فوڈ سیکیورٹی فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، اس کے باوجود سندھ کو تنقید کا نشانہ بنانا ناانصافی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس وقت الزام تراشی کے بجائے قومی یکجہتی، اتحاد اور یگانگت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ گل پلازہ سانحے کی شفاف تحقیقات کی جائیں، ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور ایسے موثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات سے بچا جا سکے۔

مزید خبریں