اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے بارش اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے۔
آج سے 27 جنوری تک بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کی آمد کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برف باری ہونے کا امکان ہے۔
مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج رات ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو پیر تک ملک کے بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔
خیبرپختونخوا میں آج رات سے منگل کے روز تک مزید بارش اور بالائی اضلاع میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، بالائی علاقوں میں چند مقامات پر شدید برفباری کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں اور برفباری کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ ہے۔
بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، مری اور گلیات میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کی توقع ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی
چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، ناران، کاغان، کالام اور چترال میں برف باری سے سڑکیں بند اور پھسلن کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ میں برفباری کی توقع ہے، گوادر، خضدار، آواران، چاغی، پنجگور اور کیچ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کی توقع ہے۔











