اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) فیڈرل انسٹیٹیوٹ آف ہوم اکنامکس آرٹ اینڈ ڈیزائن کالج ایف الیون ون کے چوتھے کانووکیشن کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد تھے، جبکہ ڈائریکٹر آئی سی ٹی پروفیسر آصف جمال مہمانِ خاص کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ تقریب کی صدارت پرنسپل پروفیسر روزینہ فہیم نے کی۔
گورنمنٹ گریجوایٹ کالج اٹک میں مفت ایم ڈی کیٹ و ای کیٹ کلاسز کا شاندار آغاز
کانووکیشن میں 90 طالبات کو مختلف پروگرامز میں ڈگریاں عطا کی گئیں، جبکہ تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی 25 طالبات کو گولڈ میڈلز اور اعزازی سرٹیفکیٹس دیے گئے۔ گولڈ میڈل حاصل کرنے والی طالبات میں حزقہ گل، ماریہ ظہیر، عبیر رضوان، ماہین، مریم، کرن صغیر سمیت دیگر شامل تھیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر نیاز احمد نے طالبات کو جدید تعلیم اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کی تلقین کی اور ادارے کی تعلیمی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہوم اکنامکس اور آرٹ اینڈ ڈیزائن کے شعبے ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کی پرنسپلز فریہ شیخ، سعدیہ ابرار، حمیرا جبین اور عائشہ کیانی نے بھی خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب طالبات کو مبارکباد دی گئی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔











