اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پیپلز پارٹی نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے 18 ویں ترمیم سے متعلق بیان پر حکومت سے وضاحت مانگ لی۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ کل خواجہ آصف نے سانحہ گل پلازہ پر بات کے دوران 18 ویں پر بھی بات کی، ان کے بیان کو ہم حکومت کا پالیسی بیان سمجھیں گے۔
مزید پڑھیں: ن لیگ ہمارے بغیر کچھ بھی نہیں کرسکتی، سحر کامران
ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ ملک کے ساتھ بہت تجربے کیے گئے، ہر تجربے کے ساتھ ملک کو آدھا کیا، وفاق تجربہ کرنا بند کرے۔
دوسری جانب وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے خواجہ آصف کا بیان ذاتی رائے قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر فیصلہ پارلیمنٹ کی رضامندی سے ہوتا ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز خواجہ آصف نے 18 ویں ترمیم کو ڈھکوسلا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں ہونے والے واقعات متقاضی ہیں کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں۔











