اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) حضرت امام حسینؑ، حضرت سیدہ زینبؑ اور حضرت غازی عباس علمدارؑ کے یوم ولادت کی تقریبات دنیا بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ شروع ہو گئی ہیں۔
آج راولپنڈی میں عالمی میلاد حضرت امام حسینؑ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جس کی صدارت مرکزی امام حسین کونسل کے چیئرمین کریں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حضرت سیدہ زینبؑ کا یوم ولادت یکم شعبان (21 جنوری)، حضرت امام حسینؑ کا یوم ولادت تین شعبان (23 جنوری) اور حضرت غازی عباس علمدارؑ کا یوم ولادت چار شعبان (24 جنوری) کے دن دنیا بھر میں منایا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تینوں مقدس ایام کو یکجا کر کے آج 22 جنوری دو بجے سہ پہر پی سی ہوٹل راولپنڈی میں عالمی میلاد امام حسینؑ کانفرنس ہوگی، جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء، مشائخ اور سکالرز خطاب کریں گے۔ کانفرنس کی تمام ریکارڈنگ ویڈیو لنک کے ذریعے خرم امام حسینؑ کربلا میں بھی دکھائی جائے گی اور بعد میں اس کی کتابی صورت میں اشاعت بھی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: امن کانفرنس اور ایوارڈز 2025: قومی و بین الاقوامی امن کے علمبرداروں کو خراجِ تحسین
اجلاس میں ایک قرارداد بھی منظور کی گئی ہے، جس میں وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ یوم اقبال اور یوم قائد اعظم کی طرح حضرت امام حسینؑ کے یوم ولادت پر 23 جنوری (3 شعبان) کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا جائے اور ان کی ولادت کی تقریبات وفاقی، صوبائی اور تمام شہروں میں سرکاری سطح پر منائی جائیں۔
یہ کانفرنس اور تقریبات مسلمانوں کے لیے ایمان اور عقیدت کے جذبات کو تازہ کرنے کا ایک اہم موقع ہیں۔











