جمعرات,  15 جنوری 2026ء
عوام کو ایک ہی چھت تلے مختلف سہولتوں کی فراہمی، وزیراعظم نے پاکستان آسان خدمت مرکز کا افتتاح کر دیا
Shehbaz Sharif

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان آسان خدمت مرکز کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آسان خدمت سینٹر کے قیام کا مقصد عوام کو ایک ہی چھت تلے مختلف سرکاری سہولیات فراہم کرنا ہے، جس سے شہریوں کو بے پناہ آسانیاں میسر آئیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان آسان خدمت سینٹر کے لیے آذربائیجان کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے لیے ماسٹر ٹرینرز نے آذربائیجان سے خصوصی تربیت حاصل کی ہے تاکہ عوام کو معیاری اور مؤثر خدمات فراہم کی جا سکیں۔

وزیراعظم نے افتتاح کے موقع پر پاکستان آسان خدمت سینٹر کے مختلف حصوں کا بھی جائزہ لیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ اس جدید نظام سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور سرکاری امور کی انجام دہی میں تیزی آئے گی۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ مستقبل میں مظفرآباد میں بھی پاکستان آسان خدمت سینٹر قائم کیا جائے گا جبکہ بلوچستان میں پاکستان آسان خدمت سینٹرز کے قیام کیلئے بھی عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف کا 27 ویں ترمیم میں وزیراعظم کو استثنیٰ دینے کی ترمیم واپس لینے کا حکم

اس کے علاوہ گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی ایسے مراکز کھولے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان آسان خدمت سینٹر اس عزم کی عملی مثال ہے۔

مزید خبریں