اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے شہری کئی ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2026 جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق سنگاپور کا پاسپورٹ ایک بار پھر دنیا کا سب سے طاقتور ترین قرار پایا ہے۔ سنگاپور کے شہری اب 192 ممالک میں بغیر ویزا کے سفر کر سکتے ہیں۔
جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں، جہاں دونوں کے پاسپورٹ ہولڈرز کو 188 ممالک تک ویزا فری یا ویزا آن ایریول کی سہولت حاصل ہے۔ اس طرح ایشیا کی عالمی سفری آزادی میں برتری برقرار ہے۔
تیسرے نمبر پر ڈنمارک، لکسمبرگ، اسپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ مشترکہ طور پر شامل ہیں، جن کے پاسپورٹس 186 ممالک تک بغیر ویزا رسائی فراہم کرتے ہیں۔
چوتھے نمبر پر یورپ کے 10 ممالک یعنی آسٹریا، بیلجیم، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، یونان، آئرلینڈ، اٹلی، نیدرلینڈز اور ناروے ہیں، جن کے پاسپورٹس 185 ممالک تک ویزا فری سفر کی اجازت دیتے ہیں۔
برطانیہ نے جمہوری ملک پر ویزہ پابندیاں لگا دیں
پاکستان کی رینکنگ میں پانچ درجے بہتری آئی ہے پھر بھی پاسپورٹ ایک مرتبہ پھر دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شمار ہوا ہے اور اسے 98ویں نمبر پر رکھا گیا ہے (نیچے سے چند درجے اوپر)۔ پاکستانی شہری اب صرف 31 ممالک میں بغیر ویزا کے جا سکتے ہیں۔
پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے شہری کئی ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول کی سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں، جن میں مالدیپ، کینیا، نیپال، قطر، روانڈا، سری لنکا، سیشلز، اور کمبوڈیا جیسے ممالک شامل ہیں، جبکہ دیگر میں بارباڈوس، ہیٹی، اور مائیکرونیشیا جیسے جزائری ممالک شامل ہیں، جن کی ویزا پالیسیاں بدلتی رہتی ہیں اور سفر سے پہلے تصدیق ضروری ہے.
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹاپ درجے کے بیشتر پاسپورٹس یورپی ممالک کے ہیں، البتہ چند اہم غیر یورپی ممالک بھی نمایاں ہیں جیسے متحدہ عرب امارات، پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے، آسٹریلیا ساتویں، کینیڈا آٹھویں اور ملائیشیا نویں نمبر پر شامل ہیں۔
یہ رینکنگ عالمی سفری آزادی میں بڑھتی ہوئی خلیج کو بھی ظاہر کرتی ہے، جہاں ٹاپ پاسپورٹس والے لوگوں کی آزادی بڑھ رہی ہے جبکہ نچلے درجے والے ممالک مزید محدود ہو رہے ہیں۔











