اسلام آباد(عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بلوچستان میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے دو مختلف آپریشنز کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں میں مجموعی طور پر 6 کروڑ 3 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 55 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پہلی کارروائی کچلاک بائی پاس، ضلع کوئٹہ کے قریب کی گئی، جہاں موٹر سائیکل سوار دو ملزمان کے قبضے سے 5 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ دوسری کارروائی درہ گوٹھ، ضلع لسبیلہ کے قریب جھاڑیوں میں چھپائی گئی 50 کلوگرام کرسٹل ہیروئن کی برآمدگی پر مشتمل تھی۔
مزید پڑھیں:اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 9 کارروائیوں میں بھاری مقدار برآمد
اے این ایف حکام کے مطابق تمام کارروائیاں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔











