اتوار,  11 جنوری 2026ء
سندھ میں 9 ہزار سے زائد ترقیاتی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، شرجیل انعام میمن

کراچی(روشن پاکستان نیوز) سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں اب تک 9 ہزار سے زائد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ جبکہ مجموعی طور پر صوبے میں 13 ہزار سے زائد منصوبوں کا آغاز کیا گیا۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے مختلف شعبوں میں 9 ہزار 193 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ جبکہ صحت، تعلیم، زراعت، سڑکوں، آبپاشی اور سماجی شعبوں میں 367 ارب روپے کی غیر ملکی امداد اور 76 ارب روپے وفاقی پی ایس ڈی پی کے تحت منصوبوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا ترقیاتی وژن صرف منصوبے شروع کرنا نہیں۔ بلکہ بروقت تکمیل اور معیار کی سخت پاسداری کو یقینی بنانا بھی ہے۔ اور اسی مقصد کے تحت تمام محکموں کو ہدایت کی گئی ہے۔ کہ نئے منصوبے اسی صورت شروع کیے جائیں جب جاری منصوبے مکمل ہوں۔

شرجیل میمن نے کہا کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل اور معیار حکومت کے وژن کا حصہ ہے۔ شہر کے ہر منصوبے کا مقصد شہریوں کی زندگی بہتر بنانا اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنا ہے۔

مزید پڑھیں:بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی سے باز نہ آیا، دریائے چناب پر بجلی منصوبےکی منظوری

انہوں نے کہا کہ کراچی نیبرہڈ امپروومنٹ پروجیکٹ (KNIP) کے تحت سڑکوں، پارکوں، نکاسی آب، سیوریج اور اسٹریٹ لائٹنگ کے اپ گریڈیشن کے کام مکمل کیے جا چکے ہیں۔ جن سے شہریوں کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

سینئر وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر شہری ماسٹر پلانز پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ تاکہ غیر منصوبہ بند تعمیرات کو روکا جا سکے۔ سندھ میونسپل سروسز ڈلیوری پروگرام کے تحت جیکب آباد اور دیگر شہروں میں پانی کی فراہمی۔ فضلہ اور ویسٹ واٹر مینجمنٹ میں بھی بہتری لائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ترقیاتی منصوبے کی بروقت تکمیل۔ معیار کی حفاظت اور عوام کو عملی فائدہ پہنچانا ہی ترقی کی اصل کامیابی ہے۔

مزید خبریں