هفته,  10 جنوری 2026ء
عازمین حج کیلیے تربیتی ورکشاپس کے حوالے سے وزارت مذہبی امور کا اہم بیان سامنے آگیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)وزارت مذہبی امور نے حج 2026 کے تمام عازمین کو تربیتی ورکشاپس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق ترجمان وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جو عازمین حج ابھی تک اپنے شیڈول کے مطابق تربیت حاصل نہیں کر سکے وہ متبادل تاریخ اور مقام پر اپنی حاضری لازمی لگوائیں۔

بیان میں کہا گیا کہ وزارت مذہبی امور نے تربیتی شیڈول کے حوالے سے عازمین حج کو مطلع کیا ہے کہ حج تربیت (پہلا مرحلہ) کا مکمل شیڈول پاک حج 2026 موبائل ایپ اور ویب سائٹ پر موجود ہے۔

ترجمان کے مطابق جو عازمین اپنی مقررہ تربیت میں شریک نہ ہو سکے وہ متبادل تاریخ اور مقام پر تربیت حاصل کر کے اپنی حاضری لازمی لگوائیں، عازمین حج سے گزارش ہے کہ وہ اپنے شیڈول کے مطابق حج تربیتی ورکشاپ میں شرکت یقینی بنائیں۔

تربیتی ورکشاپس کا شیڈول

31 دسمبر 2025 کو حج 2026 کیلیے عازمین کی لازمی تربیت کے پہلے مرحلے کی تاریخ کا اعلان کیا گیا۔ وزارت مذہبی امور کی آفیشل ویب سائٹ پر تربیتی شیڈول دستیاب ہے جس کے مطابق عازمین حج 2026 کی لازمی تربیت کا پہلا مرحلہ یکم جنوری کو اسلام آباد سے شروع ہوگا۔

تربیتی شیڈول پاک حج 2026 موبائل ایپ اور ایس ایم ایس کے ذریعے فراہم کیا جا رہا ہے۔ 2 جنوری کو ایبٹ آباد، 3 جنوری گھوٹکی، ٹھٹھہ، کوٹلی اور آزاد جموں و کشمیر میں تربیت پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا، 4 جنوری کو میرپور آزاد کشمیر، ٹنڈو محمد خان اور خیرپور سندھ میں کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پرائیویٹ حج عازمین کیلئے خوشخبری، اس سال کوئی بھی حاجی حج سے محروم نہیں رہے گا

شیڈول کے مطابق 5 جنوری کو راولاکوٹ، بدین اور نوشہرو فیروز میں حج تربیتی پروگرام کا انعقاد ہوگا، 6 جنوری کو فتح جنگ، دادو اور تھرپارکر مٹھی کے عازمین حج کو تربیت فراہم کی جائے گی۔

7 جنوری کو عمر کوٹ، لاڑکانہ، ہری پور، 8 جنوری کو میرپور خاص، شہداد کوٹ اور مانسہرہ میں پروگرام ہوگا۔

ایک روزہ تربیتی کیمپ فروری تک تحصیل سطح پر مرحلہ وار جاری رہیں گے۔ عازمین حج اصل شناختی کارڈ اور کمپیوٹرائزڈ رسید ہمراہ لانے کے پابند ہیں، ان کو مقررہ شیڈول کے مطابق تربیتی پروگرام میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں