بدھ,  07 جنوری 2026ء
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی ذیلی کمیٹی تشکیل

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)  قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کی ذیلی کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ ذیلی کمیٹی قومی اسمبلی کے قواعدِ ضابطہ و طرزِ عمل 2007 کے رول 224(1) کے تحت قائم کی گئی ہے۔ ذیلی کمیٹی کا فیصلہ قائمہ کمیٹی کے 2 جنوری 2026 کو پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

مزید پڑھیں:قائدِعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں سالگرہ: رکن قومی اسمبلی سحر کامران کا شاندار خراجِ عقیدت

نوٹیفکیشن کے مطابق ذیلی کمیٹی کی سربراہی ندیم عباس کریں گے، جبکہ کرن عمران ڈار،  کرن حیدر اور مسز سحر کامران اس کے اراکین ہوں گے۔

ذیلی کمیٹی کو پی ٹی وی سے متعلق اہم امور پر غور و خوض اور سفارشات مرتب کرنے کا مینڈیٹ دیا گیا ہے، جن میں پی ٹی وی کے ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کی بروقت ادائیگی، ادارے کے مالی زوال سے متعلق انکوائری، مالی مشکلات کے باوجود نئی بھرتیوں کا معاملہ، ہیڈ پی ٹی وی اسپورٹس کی کارکردگی اور معاوضہ پیکج، پی ٹی وی کے کاروباری منصوبے اور آمدن بڑھانے کی تجاویز، نیز حکومتی مالی معاونت کے لیے وزارتِ خزانہ سے رابطہ شامل ہے۔

یہ ذیلی کمیٹی پی ٹی وی کو درپیش مالی اور انتظامی مسائل کے حل کے لیے جامع سفارشات پیش کرے گی، جن کی روشنی میں آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کی کاپیاں متعلقہ وزارتوں اور حکام کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔

مزید خبریں