لاہور(روشن پاکستان نیوز) نیو ایئر نائٹ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سال نو کی آمد پر صوبہ بھر میں 25 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی ڈیوٹی پر 419 انسپکٹرز، 1267 سب انسپکٹرز، 2189 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 1408 ہیڈ کانسٹیبلزاور16 ہزار 977 کانسٹیبلزودیگراہلکار تعینات کیے گئے ہیں، صرف لاہور میں 5 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکارمختلف مقامات پرفرائض انجام دیں گے۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ ملک دشمن اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔
مزید پڑھیں: ایمانداری کی اعلیٰ مثال، ریلوے پولیس نے مسافر کے 38 لاکھ روپے واپس کردیے
نیو ایئر نائٹ پرون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اورہلڑبازی کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی، خواتین اور شہریوں کو ہراساں کرنے والے عناصر کو فوری طور پرحراست میں لیا جائے گا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے ٹریفک کے مربوط انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے، ڈولفن اسکواڈ، پیرو، ایلیٹ فورس اور پنجاب ہائی وے پٹرول کی ٹیمیں سڑکوں اور شاہراہوں پر گشت بڑھائیں گی۔
سی سی پی او لاہور، آر پی اوزاورڈی پی اوزکوامن و امان کی فضا برقراررکھنے کے لئے انتظامات کی خود نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ یا کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر 15 پردیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔











