بدھ,  31 دسمبر 2025ء
ذاتی اور سیاسی مفادات پر مبنی ایجنڈوں کو مسترد کرنا بلوچستان کے روشن مستقبل کیلئے ضروری ہے، فیلڈ مارشل

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکا کہنا ہے کہ بلوچستان پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے،عوامی فلاح پر مبنی پالیسیوں سے بلوچستان کی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لایا جا رہا ہے.

آئی ایس پی آر کے مطابق 18ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا  جی ایچ کیو پہنچے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ورکشاپ کے شرکا کی ملاقات ہوئی ،ورکشاپ میں بلوچستان کی سماجی ومعاشی ترقی،اسٹریٹجک اہمیت پر غورکیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل نے بلوچستان کے عوام کی حب الوطنی اور ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

فیلڈ مارشل نے  وفاقی وصوبائی حکومتوں کے عوام دوست ترقیاتی اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے بلوچستان کی معاشی صلاحیت عوام کے فائدے کیلئے بروئے کار لانے پرزوردیا۔

مزید پڑھیں: یمن کا یو اے ای کیساتھ دفاعی معاہدہ منسوخ کرنے کا اعلان، فوجیوں کو فوری ملک چھوڑنے کا حکم

فیلڈ مارشل کا بلوچستان کے عوام کی جرات، حب الوطنی اور استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ عوامی فلاح پر مبنی پالیسیوں سے بلوچستان کی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، سول سوسائٹی کا کردار پروپیگنڈے کے توڑ اور پائیدار ترقی میں انتہائی اہم ہے۔

ذاتی اور سیاسی مفادات پر مبنی ایجنڈوں کو مسترد کرنا بلوچستان کے روشن مستقبل کیلئے ضروری ہے، بھارت کی سرپرستی میں چلنے والے پراکسی عناصر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں،سیکیورٹی فورسز دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو سخت کارروائیوں سے ناکام بنائیں گی۔

پاکستان کی علاقائی امن و استحکام کے لیے کمٹمنٹ غیر متزلزل ہے،پاکستان کی خودمختاری یا سرحدی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

پاکستان کی مسلح افواج عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں،نشست کا اختتام سوال و جواب کے تفصیلی سیشن پر ہوا، فیلڈ مارشل نے شرکا کے سوالات کے جوابات دیے۔

مزید خبریں