اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر سالم محمد الزابی سے اسلام آباد میں ان کے دفتر میں ایک اہم خیرسگالی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سحر کامران نے سفیر کو نئے سال کی دلی مبارکباد پیش کی اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ، مضبوط اور برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔
سحر کامران نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور تعاون پر مبنی ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، افرادی قوت اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
مزید پڑھیں: سحر کامران کا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 18ویں یومِ شہادت پر خصوصی پیغام
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی صورتحال اور مستقبل میں دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سحر کامران نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں دوست ممالک، خصوصاً خلیجی ریاستوں کے ساتھ قریبی تعلقات کو فروغ دینے کی حامی رہی ہے۔
یو اے ای کے سفیر سالم محمد الزابی نے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔











