اتوار,  28 دسمبر 2025ء
شدید سردی، بارشوں اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا گیا
شدید سردی، بارشوں اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا گیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) محکمہ موسمیات نے شدید سردی، بارشوں اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرداورخشک رہنے کا امکان ہے، شمالی علاقوں میں آج مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، کوہستان، بٹگرام، چترال اور گرد و نواح میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں کل شام مغربی ہوائیں داخل ہوں گی، آئندہ ہفتے مغربی ہواؤں کے باعث مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی توقع ہے، 30 اور 31 دسمبر کے دوران ملک میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بارش اور برفباری سے موسم مزید سرد

31 دسمبر سے 2 جنوری تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش جاری رہنے کا امکان ہے، 29 سے 31 دسمبر کے دوران مری، گلیات اور گرد و نواح میں بارش اور برفباری کی توقع ہے، اس دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور مانسہرہ میں بارش کا امکان ہے، 29 سے 31 دسمبر کے دوران ایبٹ آباد، بونیر اور بٹگرام میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

30 سے 2 جنوری کے دوران گلگت، اسکردو، دیامر، استور، غذر، ہنزہ، نگر، وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ، کوئٹہ، زیارت، قلات، ژوب اور مستونگ میں بارش کا امکان ہے۔

مزید خبریں