اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر افواج پاکستان نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقا ت عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایمان، اتحاد اور نظم قائداعظم کے اصول آج بھی مسلح افواج کو رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
قائداعظم محمد علی جناح کے 149 ویں یوم پیدائش کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف نوید اشرف، ائیر چیف اور چیف آف ائیر اسٹاف سمیت تینوں مسلح افواج نے بانی پاکستان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج قائداعظم کے وژن کے مطابق مضبوط، خودمختار اور خوشحال پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔
مسلح افواج نے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا، مسلح افواج نے قومی استحکام، امن اور ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: بانی پاکستان قائداعظم کا 149 واں یوم پیدائش، مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج پاکستانی مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کرتی ہے، اس موقع مسیحی برادری کی قومی ترقی میں خدمات کو سراہا گیا۔
مسلح افواج نے قائداعظمؒ کے نظریات کی حفاظت کے لیے ثابت قدم رہنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔











