اسلام آباد(عرفان حیدر) ریاستِ قطر کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے، جس کی قیادت بریگیڈیئر حمد محمد المریخی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرانزک لیبارٹری ڈیپارٹمنٹ، کر رہے تھے، اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد کا دورہ کیا۔
دورہ کرنے والے وفد کا استقبال ڈائریکٹر جنرل اے این ایف، میجر جنرل عبدالمعید ہلالِ امتیاز (ملٹری)، نے اے این ایف ہیڈکوارٹرز کے سینئر افسران کے ہمراہ کیا۔ ڈی جی اے این ایف نے انسدادِ منشیات کی کوششوں میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم پر روشنی ڈالی اور اس اہم شعبے میں قطر کی فعال شمولیت کو سراہا۔ وفد میں قطر کے فرانزک اور قانون نافذ کرنے والے محکموں کے ماہرین شامل تھے۔
وفد کو ایک جامع بریفنگ دی گئی جس کے بعد دوطرفہ مذاکرات ہوئے، جن میں انسدادِ منشیات آپریشنز میں تعاون کے فروغ، فرانزک اشتراک، انٹیلی جنس شیئرنگ اور استعداد کار میں اضافے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دونوں فریقین نے منشیات کے بڑھتے ہوئے مسئلے کے خلاف مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ منشیات کا ناسور معاشروں کو شدید طور پر متاثر کر رہا ہے اور بالخصوص نوجوان طبقہ کو نشانہ بنا رہا ہے۔
مذاکرات میں منشیات فروش تنظیموں کے خلاف مربوط کارروائی پر بھی زور دیا گیا جو علاقائی اور بین الاقوامی راستوں کا غلط استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی منشیات کی ترسیل میں ملوث ہیں۔
2025 کے دوران پاکستان اور قطر کے درمیان بڑھتے ہوئے باہمی رابطہ و تعاون کو بھی اجاگر کیا گیا، بالخصوص اپریل 2025 میں منعقد ہونے والی جی سی سی کانفرنس کے بعد، جو دونوں برادر اسلامی ممالک کے مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔ منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خاتمے کے مشترکہ مقصد کے تحت، دونوں فریقین نے قومی سطح پر جامع حکمتِ عملی اپنانے اور علاقائی و عالمی فورمز پر اجتماعی اقدامات کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔











