پیر,  22 دسمبر 2025ء
پرائیویٹ حج عازمین کیلئے خوشخبری، اس سال کوئی بھی حاجی حج سے محروم نہیں رہے گا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) رواں سال کوئی بھی پرائیویٹ حاجی حج سے محروم نہیں رہے گا۔ پرائیویٹ حج آپریٹرز نے ڈیڈ لائن سے قبل ہی تمام عازمین کی بکنگ مکمل کر لی۔

پرائیویٹ حج آپریٹرز کے زیر انتظام عازمین حج کے لیے خوشخبری سامنے آ گئی۔ جہاں اس سال کسی بھی پرائیویٹ حاجی کے حج سے محروم رہنے کا خدشہ نہیں رہا۔ پرائیویٹ حج آپریٹرز نے حکومتی ڈیڈ لائن سے قبل تمام عازمین کی بکنگ مکمل کر لی۔

حکام کے مطابق نجی حج آرگنائزرز نے عازمین حج کی 100 فیصد رقم بروقت سعودی عرب منتقل کر دیْ جس کے بعد عازمین کی رہائش، کھانے پینے اور دیگر تمام ضروری سروسز کی ادائیگیاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ عازمین حج کے لیے منیٰ میں رہائش کی بکنگ بھی کرالی گئی۔ جس سے حج انتظامات کے حوالے سے تمام بڑے خدشات ختم ہو گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بروقت رقوم منتقل نہ ہونے کے باعث 63 ہزار سے زائد پرائیویٹ عازمین حج سے محروم رہ گئے تھے۔ جس پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا تھا۔ اس پس منظر میں حکومت نے اس سال نجی حج آپریٹرز کے لیے سخت نگرانی اور واضح ڈیڈ لائن مقرر کی تھی۔

حکومت کی جانب سے پرائیویٹ حج آپریٹرز کو 31 دسمبر تک تمام مالی اور انتظامی معاملات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ جس پر نجی حج آرگنائزرز نے عملدرآمد کرتے ہوئے تمام تقاضے مقررہ وقت سے قبل پورے کر لیے۔

یہ بھی پڑھیں:جدہ میں پاکستانی حج والنٹیئرز کے اعزاز میں تقریبِ تقسیمِ اسناد منعقد

حکام کا کہنا ہے کہ اس بروقت انتظام سے نہ صرف عازمین حج کو سہولت ملے گی۔ بلکہ گزشتہ سال پیش آنے والی مشکلات کے اعادے کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔

مزید خبریں