اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی حکومت نے ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے پاکستان بھر میں طلبہ کو 7 لاکھ کروم بُکس فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا اور انہیں ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
رانا مشہود کے مطابق کروم بُکس کے ذریعے طلبہ کو آن لائن تعلیم، ڈیجیٹل تعلیمی مواد اور جدید سافٹ ویئر تک بہتر رسائی حاصل ہو سکے گی۔ منصوبے کے تحت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلبہ بھی مستفید ہوں گے۔
مزید پڑھیں: ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کی گرفتاری بند، مریم نواز کے اہم احکامات
رانا مشہود نے بتایا کہ یہ منصوبہ اسکولوں، کالجوں اور جامعات کے طلبہ کے لیے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے اور طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کیا جا سکے۔ کروم بُکس ٹی آئی ایف فاؤنڈیشن لاہور کے تعاون سے فراہم کیے جائیں گے۔
وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین نے مزید کہا کہ آلات کی تقسیم مرحلہ وار اور شفاف طریقے سے کی جائے گی، جبکہ ایک قومی مانیٹرنگ نظام بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ کروم بُکس کے مؤثر استعمال اور تعلیمی نتائج کا جائزہ لیا جا سکے۔
حکام کے مطابق یہ منصوبہ شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان تعلیمی فرق کو کم کرنے میں مدد دے گا اور ملک بھر کے طلبہ کو مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔











