راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 13 خوارج ہلاک کردئیے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 7 اور بنوں میں 6 خوارج ہلاک کئے گئے ،فتنہ الخوارج کیخلاف کارروائیاں 12 اور 13 دسمبر کو کی گئیں،علاقے میں ممکنہ خوارج کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔
دوران کارروائی خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا،سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں،عزم استحکام کے تحت انسداددہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری ہے۔
صدرمملکت نے خیبر پختونخوا میں 13خوارج ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ، انہوں نے بلوچستان میں بھی دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر فورسز کی تعریف کی۔
مزید پڑھیں: افغان رجیم نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے اور دنیا کیلئے ایک خطرہ بن چکی ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
صدرمملکت آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری کی حفاظت اولین ترجیح ہے، دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔
وزیراعظم نے بھی خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں،دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ،ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔











