هفته,  13 دسمبر 2025ء
قومی استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہیں: فیلڈ مارشل

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے قومی استحکام کو نقصان پہنچانے والے تفرقہ انگیز عناصر سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گوجرانوالہ اور سیالکوٹ گیریژنز کا دورہ کیا جس دوران انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاری اور جنگی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل نے فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز اور جدید سمیولیٹر ٹریننگ سہولت کا مشاہدہ کیا، چیف آف ڈیفنس فورسز نے فارمیشن کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور مجموعی تیاری کی تعریف کی۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 7 ملزمان گرفتار

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ جدید جنگی ماحول میں پھرتی، درستگی، مؤثر حالات سے آگاہی اور بروقت فیصلہ سازی ناگزیر ہے۔

اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز نے افسران اور جوانوں سے گفتگو کی اور ان کے بلند حوصلے اور قومی سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے جوانوں کی سخت گیر مشن پر مبنی تربیت کی اہمیت اجاگر کی اور کہا کہ پاک فوج اندرونی و بیرونی چیلنجز، انتہا پسند نظریات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، پاک فوج قومی استحکام کو نقصان پہنچانے والے تفرقہ انگیز عناصر سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر مستعد ہے۔

مزید خبریں