جمعرات,  11 دسمبر 2025ء
پاکستان میں آبادی کا تیز رفتار اضافہ سب سے بڑا قومی مسئلہ قرار

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاپولیشن ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدرپروفیسر ڈاکٹر مہتاب سید کریم نے آبادی میں اضافہ پاکستان کاسب سے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ملک میں آبادی اسی شرح سے بڑھتی رہی تو 2050 تک یہ بڑھ کر 37 کروڑ ہو جائیگی،جس سے شدید غذائی قلت پیدا ہوجائیگی،نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر مہتاب سید کریم اور ڈاکٹر صائمہ بشیرکا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے عوامی آگاہی کیلئے دو روزہ کانفرنس منعقد کی جارہی ہے، جس میں ماہرین بڑھتی ہوئی آبادی سے پیدا ہونے والے مسائل کےحوالے سے اظہار خیال کرینگے،کانفرنس کے ذریعے عوام کے ساتھ ساتھ حکومت کو بھی ساری صورتحال سے بھی آگاہ کرینگے، آبادی کا بڑھنا ایک ایسا مسئلہ ہے جسے اکیلے ختم نہیں کیا جا سکتا،یہ قومی مسئلہ ہے جس پر قوم بن کرسوچنا ہوگا،انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں سب سے زیادہ شرح پیدائش پاکستان میں ہے جو کہ ڈھائی فیصد سالانہ ہے جبکہ باقی ممالک نےاپنی بہترین پالیسیوں کی بدولت اس شرح پر خاطرخواہ قابو پا لیا ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام میں خاندانی منصوبہ بندی پر کوئی پابندی نہیں ہے،جید علماء اس بات کی تصدیق کرتے ہیں،مساجد میں پیش امام حضرات کو اس حوالے سے ایجوکیٹ کرنے کی ضرورت ہے،کیونکہ آبادی بڑھنے کی شرحب زیادہ ہونے سے نہ صرف غذائی قلت پیدا ہوتی ہے بلکہ بچوں کو بہترین تعلیمی اور صحت کی سہولیات کی فراہمی میں بھی مشکلات کا سمان کرنا پڑتا ہے، روزگار کے مسائل بڑھنے سے معاشرےمیں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جسے صرف آبادی پرقابو پا کر ہی کم کیا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں