لاہور(روشن پاکستان نیوز) وفاقی حکومت نے سیاسی رہنماؤں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس فہرست میں بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی، عمرایوب، فواد چوہدری اور شبلی فراز کے نام شامل ہیں، علاوہ ازیں علی امین گنڈاپور، شہریارآفریدی اورعثمان ڈار کے بیرون ملک جانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
مزید ذرائع نے بتایا کہ شیریں مزاری، زرتاج گل، مسرت چیمہ اور کنول شوذب کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کیے گئے ہیں جبکہ شیخ رشید، طاہر صادق، راجہ بشارت اور واثق قیوم بھی بیرون ملک سفر نہیں کر سکیں گے۔
وفاقی حکومت کو یہ سفارش پنجاب کی جانب سے موصول ہوئی تھی، جس میں 132 سیاسی رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تجویز دی گئی تھی، یہ اقدام ملک میں سیاسی سرگرمیوں اور ممکنہ غیر قانونی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: نو مئی حملہ کیس: عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت پی ٹی آئی کے 18 افراد اشتہاری قرار
ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا نام گزشتہ تین سال سے ای سی ایل میں شامل ہے اس فیصلہ سے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔











