جمعرات,  04 دسمبر 2025ء
اسلام آباد: شاہراہِ دستور پر افسوسناک حادثہ، دو خواتین جاں بحق، سپردِ خاک کر دیا گیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد کی شاہراہِ دستور پر گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والی دونوں لڑکیوں تابندہ اور ثمرین کو مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ خاندان شدید غم اور صدمے میں مبتلا ہے۔ 25 سالہ تابندہ اپنے گھر کے اخراجات میں والد کا ہاتھ بٹاتی تھیں، جبکہ وقوعہ کے وقت وہ اپنی سہیلی ثمرین حسین کے ہمراہ اسکوٹی پر جاب سے واپس گھر آرہی تھیں۔ دونوں کا تعلق گلگت بلتستان کے علاقے سکردو سے تھا۔

پولیس کے مطابق سیکرٹریٹ چوک، شاہراہِ دستور پر ایک گاڑی نے اسکوٹی کو زور دار ٹکر ماری جس کے نتیجے میں دونوں خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔ حادثے کا مقدمہ جاں بحق لڑکی ثمرین کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق، اہلِ خانہ کو ثمرین کے نمبر سے کال موصول ہوئی جس میں حادثے کی اطلاع دی گئی۔ جب لواحقین اسپتال پہنچے تو دونوں لڑکیاں دم توڑ چکی تھیں۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کا منشیات کے خلاف کامیاب آپریشن، 15 سپلائرز گرفتار، 23 کلو منشیات برآمد

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حادثے میں ملوث گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم ڈرائیور کے والد کا تعلق عدلیہ سے ہے، جبکہ حادثے کے وقت ڈرائیور نہ شناختی کارڈ پیش کر سکا اور نہ ہی ڈرائیونگ لائسنس۔

پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے، جبکہ لواحقین نے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں