لاہور(روشن پاکستان نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کم عمر طلبہ کو گرفتار کرنے اور بچوں کو ہتھکڑیاں لگانے کے واقعات پر سخت ناراضی ظاہر کرتے ہوئے فوری طور پر کارروائی روکنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ معصوم بچوں کا اصل قصورنہیں، مسئلہ والدین کی عدم توجہی اورمعاشرتی رویے ہیں، جنہیں بدلنے کی ضرورت ہے۔
اجلاس میں 16 سالہ بچوں کو اسمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا، تاکہ وہ قانون کے اندررہ کرسفرکرسکیں، صوبے بھر میں ٹریفک پولیس کو عوام خصوصاً طلبہ کیلئے ’’ہفتہ آگاہی‘‘ منانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ ہیلمٹ نہ پہننے پر پہلی مرتبہ صرف وارننگ چالان ہوگا جبکہ ٹریفک قوانین کے بہتر نفاذ کے لیے پہلی بار ڈرون کیمرے اور باڈی کیم کے استعمال کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: مریم نواز نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے دوسرے فیز کا باقاعدہ آغاز کر دیا
مریم نواز نے کہا کہ ٹریفک قوانین عوام کی جان بچانے کے لیے بنائے گئے ہیں، اس لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو ہیلمٹ کی اہمیت سمجھائیں اوران میں روڈ سیفٹی کی عادت پیدا کریں، وزیراعلیٰ نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ عوام کی عزت نفس کا ہر صورت خیال رکھا جائے، بدتمیزی اور بداخلاقی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پراب تک 2445 پولیس گاڑیاں بھی قانون کی زد میں آ چکی ہیں، جس پر وزیراعلیٰ نے قانون کی یکساں عملداری پر اطمینان کا اظہارکیا۔











