اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) کا نیا ادارہ نہایت اہم نوعیت کا ہوگا، اسی لیے اس حوالے سے کوئی نوٹیفکیشن عجلت میں جاری نہیں کیا جائے گا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد جتنا وقت ضروری ہوگا، اسی کے مطابق یہ عمل مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئین سب سے پہلے ہے، پھرقوانین اور ان کے بعد رولز فریم ہوتے ہیں، لہٰذا یہ تمام مراحل انتہائی احتیاط کے متقاضی ہیں۔
انکے مطابق کسی معاملے کا زیر غور ہونا اوراس پرحتمی فیصلہ ہونا دو الگ باتیں ہیں، مختلف اوقات میں مختلف آپشن سامنے آتے ہیں لیکن فیصلہ ہونے تک کوئی حتمی رائے نہیں دی جا سکتی۔
مزید پڑھیں: بدعنوانی کے مقدمے میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کو 5 سال قید کی سزا
رانا ثناء کے مطابق نئی آئینی ترمیم کے تحت جس دن سی ڈی ایف کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا، اسی دن سے اس کی مدتِ ملازمت کا آغاز ہوگا، جو پانچ برس پر مشتمل ہوگی، انہوں نے اس تاثر کی سختی سے تردید کی کہ نواز شریف کسی قسم کی رکاوٹ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کبھی سی ڈی ایف کے حوالے سے کوئی منفی رائے نہیں دی، انکی گفتگو کو بلا وجہ اس معاملے سے جوڑکرغلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں۔
پی ٹی آئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے بتایا کہ پی ٹی آئی وفد اسپیکر سے ملاقات کیلئے آیا تھا اورانہیں کہا گیا کہ وزیراعظم کی واپسی کے بعد معاملہ ان کے سامنے رکھا جائے گا۔
لیکن وفد کے چلے جانے کے فوراً بعد وزیراعلیٰ کی جانب سے دھمکی آمیزرویہ سامنے آگیا جس کے بعد ایسی ملاقاتوں کی اجازت دینا مناسب نہیں سمجھا گیا۔











