اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) دفتر خارجہ نے عام پاکستانی شہریوں کو دبئی کے ویزے نہ ملنے سے متعلق سینیٹ کمیٹی میں وزارت داخلہ کی جانب سے دی گئی بریفنگ کو پرانا ریکارڈ قرار دے دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے خارجہ آفس میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ویزوں پر کوئی نئی پابندی عائد نہیں کی۔ ان کے مطابق یو اے ای میں پاکستانی سفیر شفقت علی خان نے بھی ویزا پابندی کی خبروں کی تردید کی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کمیٹی کو ممکنہ طور پر پرانے ڈیٹا کی بنیاد پر بریفنگ دی گئی، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یو اے ای کی جانب سے پاکستان کے لیے کوئی نئی پابندی نافذ نہیں کی گئی۔
مزید پڑھیں: ٹیکس سے بچنے کیلئے برطانوی دولت مند یو اے ای منتقل ہونے لگے
واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت داخلہ نے یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ یو اے ای عام پاکستانی شہریوں کو ویزا جاری نہیں کر رہا اور پابندی لگنے کے قریب پہنچ کر بھی ویزوں کا اجرا نہیں ہو رہا۔
دوسری جانب یو اے ای کے سفیر نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستانیوں کو یومیہ 500 ویزے جاری کیے جا رہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ویزا اجرا معمول کے مطابق جاری ہے۔











