جمعرات,  27 نومبر 2025ء
اسلام آباد کو مکمل ڈیجیٹل سٹی بنانے کی تیاریاں، کیش لیس سسٹم ہو گا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کو مکمل ڈیجیٹل سٹی بنانے کی تیاریاں کر لیں۔ وفاقی دارالحکومت میں کیش لیس سسٹم قائم کیا جائے گا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ جس میں سینئر حکام اور بڑے کمرشل بینکوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے ہوٹلوں، ریستورانوں۔ پیٹرول پمپوں اور گیسٹ ہاؤسز میں کیش لیس ادائیگیوں کے نظام کو توسیع دی جائے گی۔ سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ اب یہ نظام تیزی سے بڑے کاروباری مراکز۔ شاپنگ مالز اور کلاس تھری مارکیٹوں میں بھی نافذ کیا جا رہا ہے۔

ہفتہ وار مارکیٹوں، سی ڈی اے کے ون ونڈو سینٹر۔ میٹرو بس اور الیکٹرک بسوں میں پہلے ہی کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام متعارف کرایا جا چکا ہے۔

حکام کے مطابق تازہ مرحلے میں ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز۔ فیول اسٹیشنز اور کھانے پینے کی جگہوں کو بھی کیش لیس ادائیگیوں کا پابند بنایا جائے گا۔ تاکہ وفاقی دارالحکومت جدید اور شفاف ادائیگیوں کے طریقہ کار کی طرف بڑھ سکے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے بینکوں سے عوام اور تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کی طرف لانے کے لیے بھرپور آگاہی مہم چلانی کی ہدایت کی۔

انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کرنے والے صارفین کو خصوصی رعایتیں اور ترغیبات دیں۔ تاکہ عوام میں اس نظام کو تیزی سے فروغ دیا جا سکے۔

محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ایم ٹیگ سسٹمز، ڈیجیٹل پارکنگ سمیت کئی اقدامات بھی ساتھ ساتھ متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ کیونکہ اسلام آباد کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی سے لیس شہر بنانے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آئی الیون کے رہائشیوں کا سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف احتجاج

حکام کے مطابق یہ اقدام وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے اُس وژن کا حصہ ہے۔ جس کے تحت اسلام آباد کو مکمل طور پر کیش لیس ماڈل سٹی بنایا جا رہا ہے۔

مزید خبریں