پیر,  24 نومبر 2025ء
پی ٹی آئی دور میں خیبرپختونخوا پتھروں کے دور میں چلا گیا، مریم نواز

لاہور(روشن پاکستان نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ن لیگ کو تاریخی کامیابی ملی۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام نے ن لیگ کے حق میں فیصلہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے 2024 میں ہاری ہوئی سیٹیں دوبارہ جیت لیں، ضمنی الیکشن میں جیت پنجاب اور عوام کیلئے خوش آئند ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 2017 میں نواز شریف کو حکومت سے نکالا گیا۔

وزیرا علیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ الیکشن بیانیے سے نہیں کارکردگی سے جیتا جاتا ہے، 2018 میں ترقی کرتے ہوئے ملک کو ڈی ریل کر دیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز الیکشن نہیں ریفرینڈم ہوا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی نااہلی کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو درخواست

مریم نواز نے کہا کہ میں نے اور نواز شریف نے جیل کاٹی لیکن الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا، کارکردگی سے بہتر کوئی بیانیہ نہیں ہو سکتا، بائیکاٹ تب ہوتا ہے جب آپ کو یقین ہو کہ آپ الیکشن ہار جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں سی پیک بن رہا تھا اور ملک ترقی کر رہا تھا، ہارنے کے بعد کہا جا رہا ہے کہ ہم نے بائیکاٹ کیا، ہم نے بدترین حالات میں بھی الیکشن لڑے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ شہرت کے دعوے اب کہاں گئے؟ نواز شریف اور میں جیل میں تھے، تب بھی انہیں آرٹی ایس بند کرنا پڑا۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن پر بھی بہت کٹھن وقت آیا، نواز شریف اور میں 2018 میں جیل میں تھے، ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے سامنے کھڑا ہونا کوئی آسان کام نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان انتخابات کے نتائج کا فیصلہ الیکشن سے پہلے ہو چکا تھا، آج نہ وہ فیض حمید ہے اور نہ وہ ججز جو ان کو جتواتے تھے، ان کا کہنا تھا کہ تب فیض حمید کی پوری طاقت پی ٹی آئی کے ساتھ تھی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ علاج کے لئے پنجاب آتے ہیں، تحریک انصاف کے دور میں خیبرپختونخوا پتھروں کے دور میں چلا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قیدی نمبر 804 کے نام پر الیکشن لڑا اور ہار گئے، ضمنی الیکشن میں ان کے مقبولیت کے دعوے زمین بوس ہو گئے۔

مزید خبریں