پشاور(روشن پاکستان نیوز) پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے ہیڈکوارٹر پر دہشتگردوں کا حملہ فورسز نے بہادری سے ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران تین خودکش حملہ آور ہلاک ہو گئے جبکہ تین ایف سی اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔ حملہ آج صبح 8 بج کر 10 منٹ پر کیا گیا۔
سٹی کیپٹل پولیس آفیسر (سی سی پی او) پشاور ڈاکٹر میاں سعید نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے مرکزی گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دو حملہ آور ہیڈکوارٹر کے اندر داخل ہوئے۔ ایف سی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دونوں حملہ آوروں کو مار گرایا۔
ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی جاوید اقبال کے مطابق اہلکاروں نے جرات مندی سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا۔ حملے کے نتیجے میں 3 ایف سی اہلکار شہید اور 5 افراد زخمی ہوئے، جن میں 2 ایف سی اہلکار اور 3 شہری شامل ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔
حملے کے بعد علاقے کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھیرے میں لے لیا اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بی آر ٹی سروس عارضی طور پر معطل
سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر بی آر ٹی کی مرکزی راہداری پر بس سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی جبکہ فیڈر روٹس پر بسیں بدستور چل رہی ہیں۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد دھماکہ: اے آئی کی مدد سے 92 فوٹیجز اکٹھی، حملہ آور ایک شخص تھا، آئی جی
وزیراعظم کی مذمت
وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی وجہ سے بڑا نقصان ہونے سے بچا۔ انہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
پولیس اور ایف سی حکام کے مطابق حملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔











