اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے واضح کیا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی نے آئندہ 9 ماہ میں کارکردگی نہ دکھائی تو جماعت کو شدید نقصان ہو سکتا ہے۔ نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے سابق وزیراعظم انوار الحق کی حکومت کو عوام سے دور قرار دیا۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ انہیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ یہ موقع ملا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ہوٹل میں بیٹھ کر انٹرویو دے رہے ہیں تاکہ عوام سے براہ راست رابطہ برقرار رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت میں عوام اور انتظامیہ کے درمیان رابطہ ٹوٹ چکا تھا، ہائبرڈ نظام وجود تو رکھتا ہے لیکن چل نہیں پاتا، یہی وجہ ہے کہ آزاد کشمیر میں مختلف تحریکیں چلیں۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر کابینہ تشکیل ، 18 وزرا نے حلف اٹھا لیا
انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت میں اپوزیشن موجود نہیں تھی، جبکہ اب پیپلز پارٹی نے ایک درست معنوں میں عوامی حکومت قائم کی ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا عہدہ صرف نام کا نہیں بلکہ اگلے 9 ماہ میں عملی طور پر ڈلیور کرنا ہو گا۔
فیصل ممتاز راٹھور نے مزید کہا کہ اگر نیت ہو تو 9 ماہ میں بہت کچھ کیا جا سکتا ہے اور انہیں امید ہے کہ موجودہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں کامیاب ہوگی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ جمہوری نظام میں وزیراعظم کی بار بار تبدیلی اچھی روایت نہیں، مگر اس بار سیاسی نظام کی جیت ہوئی ہے اور حکومت کے پاس عوام کی رہنمائی کا سنہری موقع موجود ہے۔
انہوں نے انوار الحق کی حکومت کو ہائبرڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ گورننس پر توجہ ضرور دیتے رہے، لیکن عوام سے رابطہ نہ رکھنے کی وجہ سے لوگوں میں یہ تاثر بنا کہ وہ عوامی حکومت نہیں تھی۔











