اتوار,  23 نومبر 2025ء
قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات، پولنگ جاری

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی انتخابات آج ہو رہے ہیں۔

پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی، 2792 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 408 انتہائی حساس اور 1032حساس قرار دیے گئے ہیں۔

این اے 18 ہری پور میں ضمنی انتخاب میں 9 امیدوار میدان میں ہیں۔ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز، ن لیگ کے بابر نواز خان اور پیپلز پارٹی کی ارم فاطمہ کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔

این اے 96 فیصل آباد کی نشست رائے حیدر خان کو نااہل قراردینے کے باعث خالی ہوئی تھی، یہاں ن لیگ کے محمد بلال بدر کا مقابلہ آزاد امیدواروں نواب شیر وسیر اور ارشد محمود سے ہو گا۔

این اے 104 فیصل آباد کی نشست صاحبزادہ حامد رضا کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی، اس حلقے میں ن لیگ کے دانیال احمد کا مقابلہ آزاد امیدوار رانا عدنان جاوید سے ہے۔ دانیال احمد سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد کے صاحبزادے ہیں۔

این اے 129 لاہور کی نشست میاں اظہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، یہاں ن لیگ کے حافظ نعمان اور آزاد امیدوار ارسلان احمد مدمقابل ہیں۔

این اے 143 ساہیوال کی نشست رائے حسن نوازکی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی، این اے143 پر ن لیگ کے چودھری طفیل اور آزادامیدوارکرنل (ر) ضرار اکبر میں مقابلہ ہے۔

این اے 185 پر پیپلز پارٹی کے دوست محمد خان کھوسہ اور ن لیگ سے محمود خان لغاری مدمقابل ہیں، یہاں 8 امیدوار میدان میں ہیں، این اے 185 کی نشست زرتاج گل وزیر کی 9 مئی کیس میں سزا اور نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔

پی پی 73 سرگودھا کی نشست انصر اقبال ہرل کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی، یہاں 73 پر ن لیگ کے سلطان علی رانجھا کا 4 آزاد امیدواروں سے مقابلہ ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی نااہلی کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو درخواست

پی پی 73 پر حارث نواز، حق نواز رانجھا، محسن رضا آزاد امیدواروں میں شامل ہیں، یہ نشست پی ٹی آئی کے انصر اقبال ہرل کی 10 سال قید سزا اور نااہلی پر خالی ہوئی تھی۔

پی پی 87 میانوالی کی نشست سابق اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی، یہاں ن لیگ کے علی حیدر نور خان، آزاد امیدوار نوابزادہ ایاز خان اور جے یو پی کے خالد مسعود مدمقابل ہیں۔

پی پی 98 فیصل آباد کی نشست جنید افضل ساہی کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی، اس حلقے میں آزاد علی تبسم ن لیگ کے امیدوار، محمد اجمل چیمہ اور وسیم اکرم چٹھہ سمیت10 امیدوار میدان میں ہیں۔

پی پی 115 فیصل آباد کی نشست شیخ شاہد جاوید کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی، ن لیگ کے میاں طاہر جمیل، آزاد امیدواروں محمد اصغر ملک اور احمد طارق چیمہ میں مقابلہ ہے۔

پی پی 116 فیصل آباد کی نشست محمد اسماعیل سیلا کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی، ملک اسماعیل خان کو رانا ثناء اللہ کے گھر پر حملہ کیس میں نااہل قراردیا گیا تھا، اس حلقے میں رانا ثناء اللہ کے داماد رانا احمد شہر یار ن لیگ کے امیدوارہیں، ان کے علاوہ اس حلقے میں ملک اصغر علی قیصر سمیت 5 آزاد امیدواروں میں مقابلہ ہے۔

پی پی 203 ساہیوال کی نشست رائے مرتضیٰ اقبال کی نااہلی پر خالی ہوئی تھی، پی پی 203 پر ن لیگ کے حنیف جٹ اورآزاد امیدوار فلک شیر میں مقابلہ ہے۔

پی پی 269 مظفر گڑھ کی نشست میاں علمدار عباس قریشی کے استعفے پر خالی ہوئی تھی، پی پی 269 پر پیپلزپارٹی کے علمدار قریشی اور آزاد امیدواروں اقبال پتافی، عبدالحئی دستی میں سخت مقابلہ ہے۔ یہاں ضمنی انتخاب میں 17 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، یہ نشست ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے قبل علمدار قریشی کے استعفے کے باعث خالی ہوئی تھی۔

مزید خبریں