بدھ,  19 نومبر 2025ء
مخالف کہتے ہیں کام تو ن لیگ کرتی ہے،کچھ لوگوں کا ذکر ہو تو گالیاں، دنگا اور فساد یاد آتا ہے، مریم نواز

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آج مخالفین بھی ہماری تعریف کر رہے ہیں کہ کام صرف ن لیگ کرتی ہے۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے راولپنڈی میں الیکٹرو بس فیز ٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جلد از جلد بس اسٹیشنز بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے راولپنڈی میں 30 ارب روپے سے سگنل فری کوریڈور بنانے کا اعلان کر دیا۔

مریم نواز نے رجانہ سے بھکر تک تھل ایکسپریس وے، لاہور کینسر اسپتال کی تکمیل کے بعد اگلا کینسر اسپتال راولپنڈی اور پھر ڈی جی خان میں بنانے کا اعلان کیا۔ جبکہ 100 ارب روپے سے دیہات میں نیا ڈرینج اور سیوریج سسٹم لانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے حراسگی کے خلاف بھی نیا قانون لانے کا اعلان کر دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں دن رات ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ اور بہت کم عرصے میں ترقیاتی منصوبے مکمل ہو رہے ہیں۔ گرین بس راولپنڈی کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ترقیاتی کام صرف ن لیگ کے دور میں ہوئے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ کچھ لوگوں کا کام بدتمیزی، بداخلاقی اور ڈنڈے مارنا تھا۔ تاہم آج مخالفین بھی ہماری تعریف کرتے ہیں۔ اور کہتے ہیں کہ کام صرف ن لیگ کرتی ہے۔ ڈیڑھ سال کے دوران ہم نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت جب بھی آتی ہے ملک ترقی کرتا ہے۔ اور ن لیگ عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ ہم نے ملک کے لیے میگا منصوبے دیئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ الیکٹرک بسیں ماحول کی فضا کو آلودہ نہیں کریں گی۔ اور الیکٹرک بسوں میں خواتین اور بزرگوں کے لیے فری سفری سہولت ہو گی۔ بسوں میں معذور افراد کے لیے وہیل چیئرز رکھی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:“دھی رانی پروگرام” کی تقریب: مریم نواز ماں جیسا کردار ادا کر رہی ہیں، آمنہ بی بی

انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسوں میں فری وائی فائی کا انتظام کیا گیا ہے۔ اور خواتین کو ہراسگی سے بچانے کے لیے بسوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔

مزید خبریں