اسلام آباد(سعد عباسی) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں آپریشنل کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ملک جمیل ظفر، ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، ایس ایس پیز، زونل ایس پیز سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
کانفرنس میں پولیس کی مجموعی کارکردگی، سکیورٹی امور، ٹیکنالوجی کے استعمال اور عوامی سہولت کے لیے جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی خدمت اور قانون کا موثر نفاذ پولیس کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا جدید تقاضوں کے مطابق تمام اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔
انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے، جبکہ “نشہ اب نہیں” مہم کے دائرہ کار کو بھی وسیع کیا جائے۔ آئی جی نے وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اجلاس میں ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے شہر بھر میں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے اور شہریوں کی رہنمائی کے لیے آگاہی مہمات شروع کرنے کے احکامات بھی دیے گئے۔ آئی جی اسلام آباد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔
انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے ماتحت عملے کے ساتھ مکمل ہم آہنگی برقرار رکھیں، سخت محکمانہ احتساب کے ساتھ ساتھ جوانوں کی فلاح و بہبود کا بھی خاص خیال رکھا جائے، اور اہلکاروں کو روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ دی جائے تاکہ تمام اقدامات منظم انداز میں جاری رہیں۔











