پیر,  10 نومبر 2025ء
جے یو آئی نے سینیٹر احمد خان کو پارٹی سے نکال دیا، استعفیٰ کا مطالبہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)  اپوزیشن جماعت جمعیت علماء اسلام (ف) نے سینیٹر احمد خان کو 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے پر پارٹی سے خارج کردیا۔

جے یو آئی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سینیٹر احمد خان نے پارٹی پالیسی کے برخلاف 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا، جس کے نتیجے میں انہیں تنظیمی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ احمد خان فوری طور پر سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہو جائیں، بصورت دیگر ان کی نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے گا۔

پارٹی اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ جے یو آئی کے سینیٹرمولانا عطاء الرحمان اور مولانا عبدالواسع کی سفارش پر کیا گیا۔

مزید پڑھیں: اورسیز پاکستانی بزنس مین محمد علی کی وفاقی وزیر پیر عمران شاہ سے ملاقات

واضح رہے کہ سینیٹراحمد خان کا تعلق بلوچستان سے ہے، انہوں نے 9 اپریل 2024 کو سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھایا تھا۔

خیال رہے کہ سینیٹ میں 27ویں آئینی ترمیم حکومتی اراکین کے ساتھ دوتہائی اکثریت سے منظورکی گئی، جس میں پی ٹی آئی کے سینیٹرسیف اللّٰہ ابڑو نے بھی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا اوربعد ازاں استعفے کا اعلان کیا۔

مزید خبریں