جمعه,  07 نومبر 2025ء
ہاؤسنگ سوسائٹیاں نوگو ایریا بنتی جا رہی،ڈویلپمنٹ چارجز غیر قانونی ہیں: عمر انوار

اسلام آباد(سعد عباسی)صدر بلڈرز ایسوسی ایشن ایم سی اے عمر انوار نے کہا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹیاں ڈالہ کلچر،اسلحہ کے استعمال کے باعث نوگو ایریا بنتی جا رہی ہیں،سوسائٹی انتظامیہ کی طرف سےیوٹیلیٹی بلز کے نام پر ظالمانہ سرچارج لگا کر پلاٹوں کی قیمت جتنا بھتہ مانگا جا رہاہے،انکار کی صورت میں ویگو ڈالے آجاتے ہیں،گزشتہ ایک ہفتے سے سوسائٹی کا پانی بند ہے اور ٹینکر بھی نہیں آنے دیا جارہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے گزارش ہے کہ اس علاقے کو اسلحہ سے پاک بنایا جائے اور ڈالہ کلچر کاخاتمہ کیا جائے،کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ ہے سوسائٹی کافرانزک آڈٹ کروایا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل سیکرٹری ذیشان، صدر ٹاپ سٹی بلڈرز ایسوسی ایشن شیخ سلیم اور جنرل سیکرٹری چوہدری محسن کے ہمراہ ٹاپ سٹی میں پانی کی بندش اور ڈویلپمنٹ چارجز کیخلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔عمر انوار کا مزید کہنا تھا کہ ٹاپ سٹی اور ممتاز سٹی نیو ایئرپورٹ اسلام آباد کے قریب واقع ہیں اسلحہ کے زور پر بدمعاشی کی جاتی ہے ڈالہ کلچر کو پروموٹ کیا جارہا ہے لیبر کو اٹھا کر لے جاتے ہیں اوورسیز پاکستانیوں نے سرمایہ کاری کی ہوئی ہے سرمایہ کاری ڈوبنے کا خطرہ ہے۔سوسائٹی انتظامیہ کی جانب سےپہلے سے الاٹ اور قبضے میں لیے گئے پلاٹوں پر اضافی ڈویلپمنٹ اور فلور چارجز کا نفاذ غیر قانونی ہے،انہیں واپس لیا جانا چاہیے۔عوامی انفراسٹرکچر کی موجودہ حالت غیر معیاری اور نظرانداز ہے پارکس، مساجد، پارکنگ، کی جگہیں اور سٹریٹ لائٹنگ جیسی سہولیات نامکمل ہیں،سڑکوں کا نیٹورک ابتر حالت میں ہے،پانی کی فراہمی کا نظام متضاد اور مکمل طور پر ناکافی ہے،رہائشی اور بلڈرز بار بار ٹینکروں کے ذریعے پانی کی ترسیل کی درخواست کرنے پر مجبور ہیں تاہم انتظامیہ اکثر پانی کی فراہمی سے انکار کر دیتی ہے اورپانی کے ٹینکروں کے داخلے پر پابندی لگا دیتی ہے جس سے رہائشیوں اور بلڈرز کو ناقابل برداشت صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مساجد، پارک،پارکنگ ایریاز کو کمرشل پلاٹوں یا ڈھانچے میں تبدیل کر دیا گیا ہے،انتظامیہ سے توقع کرتے ہیں کہ وہ ان معاملات کو فوری طور پر شفاف طریقے سے اور قابل اطلاق قوانین اور قواعد کے مطابق حل کرے گی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد ٹریفک پولیس کا ناکوں پر لرنر پرمٹ بنا کر دینے کا اعلان

مزید خبریں