جمعرات,  06 نومبر 2025ء
علیمہ خانم کے ساتویں بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے میں علیمہ خانم کے ساتویں بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

علیمہ خانم کے خلاف 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت میں جج امجد علی شاہ نے کی۔ اس موقع پر مقدمے میں نامزد 10 ملزمان پیش ہوئے تاہم عمران خان کی ہمشیرہ پیش نہ ہوئیں۔ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ اپنی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پراسیکیوشن کے 5 گوہان بھی اے ٹی سی پہنچے۔

دوران سماعت علیمہ خانم کے بینک اکاؤنٹ سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی جس کے مطابق عمران خان کی ہمشیرہ کے مختلف بینکوں میں موجود 12 اکاؤنٹس کو منجمد کر دیا گیا، ایک اکاؤنٹ میں ایک کروڑ 24 لاکھ سے زائد کی رقم موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک

عدالتی حکم کی عدم تعمیل پر دو بینکوں کے منیجرز کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے جبکہ اکاؤنٹ منجمد کرنے کے حکم کی عدم تعمیل پر دو بینکوں کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کیے گئے۔

پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خانم کھلے عام عدالت احکامات کی خلاف ورزی کر رہی ہیں، انہوں نے جان بوجھ کر عدالتی ٹرائل کو روکا ہوا ہے، ان کی تمام جائیدادوں سے متعلق ریکارڈ طلب کیا جائے۔

عدالت نے ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سے عمران خان کی ہمشیرہ کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کیں جبکہ سیکرٹری کوپریٹو، سینیئر ممبر پنجاب بورڈ ریونیو، چیئرمین سی ڈی اے اور کمشنر اسلام آباد سے بھی تفصیلات مانگیں۔ اے ٹی سی نے علیمہ خانم کی کمپنی کی رجسٹریشن سے متعلق بھی ایس ای سی پی سے ریکارڈ طلب کیا۔

اے ٹی سی نے پراسیکیوشن کی استدعا پر علیمہ خانم کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور کیس کی سماعت 10 نومبر تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں