بدھ,  05 نومبر 2025ء
ایشیا کی بہترین جامعات میں پاکستان کی کون سی یونیورسٹیاں شامل؟ فہرست جاری

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کی اعلیٰ تعلیم کے میدان میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے کیونکہ آٹھ پاکستانی جامعات کو کوکویریلی سائمنڈز (QS) ایشیا یونیورسٹی رینکنگ 2026 میں شامل کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں قائم پاکستان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز نے سب سے نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے اور 238ویں نمبر پر رہا۔ اسی شہر کی ایئر یونیورسٹی 328ویں نمبر پر رہی، جب کہ بحریہ یونیورسٹی کراچی نے 416واں مقام حاصل کیا۔

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے 434ویں پوزیشن حاصل کر کے جنوبی پنجاب کی نمایاں جامعہ کا اعزاز اپنے نام کیا۔ اسی طرح یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز پتوکی 607ویں، ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ 614ویں، یونیورسٹی آف سوات 761 سے 770 کے درمیان اور یونیورسٹی آف ساہیوال 951 سے 1000 کے درمیان رینکنگ میں شامل ہیں۔

یہ رینکنگ اس بات کی واضح علامت ہے کہ پاکستان کی جامعات تحقیق، تدریسی معیار اور بین الاقوامی روابط کے میدان میں مسلسل ترقی کر رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: گنڈاپور کا استعفیٰ: اپوزیشن جماعتیں اپنا امیدوار لانے کیلئے متحرک ہوگئیں

QS ادارے کے مطابق یہ درجہ بندی 2009 سے جاری کی جا رہی ہے جس میں جامعات کو مختلف معیاروں پر جانچا جاتا ہے، جن میں تعلیمی ساکھ، روزگار فراہم کرنے والے اداروں کی رائے، فیکلٹی اور طلبہ کا تناسب، بین الاقوامی تحقیقاتی نیٹ ورک، تحقیقی مقالوں کی تعداد، حوالہ جات، پی ایچ ڈی فیکلٹی کا تناسب، بین الاقوامی اساتذہ و طلبہ کی موجودگی اور طلبہ کے تبادلے کے پروگرام شامل ہیں۔

رواں سال کی فہرست میں ایشیا کی 1500 سے زائد جامعات شامل کی گئی ہیں۔ ہانگ کانگ یونیورسٹی نے پہلی، چین کی پیکنگ یونیورسٹی نے دوسری اور سنگاپور کی دو جامعات نانیانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی اور نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

مزید خبریں