منگل,  04 نومبر 2025ء
اسلام آباد: مرحوم ایس پی عدیل اکبر کی بیوہ کو حکومت کی طرف سے خصوصی مراعات فراہم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: مرحوم ایس پی عدیل اکبر کی بیوہ کو حکومت کی طرف سے خصوصی مراعات فراہم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد پولیس کے ایس پی عدیل اکبر کی بیوہ کے لیے حکومت نے خصوصی مراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ آفس آرڈر کے مطابق، مرحوم افسر کی بیوہ کو ایک ڈبل کیبن سرکاری گاڑی فراہم کی گئی ہے اور اس کے لیے ماہانہ ایک ہزار لیٹر پٹرول بھی فراہم کیا جائے گا۔

مزید برآں، ان کی حفاظت اور سہولت کے لیے تین گن مین، دو ڈرائیور، ایک باورچی، مالی اور ایک سوئیپر بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔ یہ تمام مراعات مرحوم ایس پی کی ریٹائرمنٹ کی مدت تک جاری رہیں گی۔

محکمہ پولیس کی جانب سے جاری آفس آرڈر میں بتایا گیا ہے کہ بیوہ کو پولیس لائن ہیڈکوارٹر میں سرکاری گھر الاٹ کیا گیا ہے، جس کے تمام اخراجات بشمول بجلی، گیس اور ٹیلی فون کے بل حکومت برداشت کرے گی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد کے حساس علاقوں میں منشیات فروش سرگرم، پولیس خاموش تماشائی

واضح رہے کہ ایس پی اسلام آباد عدیل اکبر نے 23 اکتوبر 2025 کو شاہراہِ دستور پر مبینہ طور پر خودکشی کر لی تھی۔ ان کی ہلاکت کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق عدیل اکبر کا تعلق ضلع گجرات سے تھا اور وہ پولیس سروس آف پاکستان کے 46ویں کامن کے افسر تھے۔ ان کی ایک سالہ ننھی بیٹی بھی ہے۔ عدیل اکبر حال ہی میں ڈینگی کے مرض میں مبتلا تھے مگر اس کے باوجود ڈیوٹی پر موجود رہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مرحوم ایس پی شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے کیونکہ ان کی ترقی آئندہ بورڈ تک ملتوی کر دی گئی تھی، جبکہ ان کے تمام بیچ میٹس پہلے ہی پروموٹ ہو چکے تھے۔ وہ اسلام آباد پولیس میں ایس پی آئی نائن کے طور پر تعینات تھے۔

مزید خبریں