نوشہرہ ( عدیل آزاد) خیبرپختونخوا بار کونسل کے انتخابات ہفتے کے روز پُرامن ماحول میں مکمل ہوئے، جن کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق ملګرو وکیلان گروپ (Malgaray Wakilan) نے واضح برتری حاصل کرلی۔ یہ گروپ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے نظریات سے منسلک وکلاء پر مشتمل ہے۔
ذرائع کے مطابق 28 نشستوں پر ہونے والے مقابلوں میں ملګرو وکیلان نے 13 نشستیں جیت کر سب سے بڑا وکلاء گروپ بننے کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ انصاف لائرز فورم (PTI سے وابستہ) صرف 5 نشستوں تک محدود رہا۔
باقی نشستیں مختلف آزاد امیدواروں اور چھوٹے گروپوں کے حصے میں آئیں۔
انتخابات کے دوران صوبے بھر میں وکلاء نے بڑی تعداد میں ووٹ کاسٹ کیے۔ پشاور، مردان، سوات، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت تمام ڈویژنل بارز میں بھرپور انتخابی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں۔
مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کے ہر ریٹائر جج کو 3 پولیس اہلکار 24 گھنٹے سکیورٹی کیلئے دیے جائیں گے: احکامات جاری
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ نتیجہ خیبرپختونخوا میں تحریکِ انصاف کی وکلاء برادری میں کمزور ہوتی گرفت کی علامت سمجھا جا رہا ہے، جبکہ اے این پی کے حامی وکلاء گروپ نے اس کامیابی کو “جمہوری سوچ کی فتح” قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا بار کونسل صوبے بھر کے وکلاء کی نمائندہ تنظیم ہے جو پیشہ ورانہ امور کے ساتھ عدلیہ و قانون کے مختلف معاملات میں رائے اور رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
				
															
								
								
								
								
								





								
															




