جمعه,  31 اکتوبر 2025ء
بھارتی میڈیا کا پاکستانی پاسپورٹ سے ’اسرائیل کیلیے ناقابلِ استعمال‘ شق ختم کرنے کا جھوٹا دعویٰ بے نقاب

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): وزارت اطلاعات و نشریات نے بھارتی میڈیا کا پاکستانی پاسپورٹ سے ’اسرائیل کیلیے ناقابل استعمال‘ شق ختم کرنے کا مضحکہ خیز دعویٰ بے نقاب کر دیا۔

وزارت اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھارتی جھوٹ ثبوت کے ساتھ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: آسمان پر رنگ برنگ روشنیاں ، ہائیپر میزائل کا تجربہ یا کچھ اور؟ سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی

ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی چینل ریپبلک ٹی وی نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ پاکستان مغربی ممالک اور اسرائیل کی نگرانی میں 20 ہزار فوجی غزہ بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے، گودی میڈیا کے چینل نے مضحکہ خیز دعویٰ کیا کہ پاکستان نے اپنے پاسپورٹ سے ’اسرائیل کیلیے ناقابلِ استعمال‘ کی شق بھی ختم کر دی ہے۔

وزارت خارجہ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پاسپورٹ کی شق بدستور برقرار ہے اور کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ پر اب بھی درج ہے کہ یہ پاسپورٹ اسرائیل کے علاوہ تمام ممالک کیلیے قابلِ استعمال ہے۔

بھارتی چینل کا پروپیگنڈا بے نقاب کرتے ہوئے وزارت اطلاعات و نشریات پاکستان نے واضح کیا کہ پاکستان کا اسرائیل سے متعلق مؤقف بالکل واضح اور دو ٹوک ہے، پاکستان نے کبھی اسرائیل کو تسلیم کیا اور نہ ہی کسی قسم کا فوجی تعاون زیرِ غور ہے۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستان کا فلسطینی حقِ خود ارادیت کی حمایت میں مؤقف واضح اور اصولی ہے۔

ریپبلک ٹی وی کا من گھڑت دعویٰ کسی علاقائی یا بین الاقوامی میڈیا نے رپورٹ نہیں کیا، بے بنیاد اور من گھڑت کہانیاں گھڑ کر پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کرنا گودی میڈیا کا وتیرہ ہے۔

مزید خبریں