جمعرات,  30 اکتوبر 2025ء
سپریم کورٹ نے افغان شہریوں کو شہریت دینے سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سپریم کورٹ نے پاکستانی خواتین سے شادی کرنے والے افغان شہریوں کو پاکستان اوریجن کارڈ اور شہریت دینے سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

پاکستانی خاتون سے شادی کی بناپر افغان باشندے کو پاکستان اوریجن کارڈ جاری کرنے سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔

سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا اسد اللہ عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ہم نے پشاور ہائیکورٹ کے یکم دسمبر 2023 کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ افغانی پاکستانی سے شادی کرے تو پی او سی کارڈ جاری کیا جائے۔ جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کہ شہریت کس بنیاد پر دی جا سکتی ہے اور کتنے درخواست گزار ہیں؟

مزید پڑھیں: انصاف تک رسائی مزید آسان ، سپریم کورٹ نے عوامی پورٹل کا آغاز کر دیا

ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا اسد اللہ نے جواب دیا کہ کل 117 درخواست گزار ہیں، جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ یہ تو وہ لوگ ہیں جو سامنے آگئے ہیں، مزید بھی بہت سے ہوں گے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ یہ دیکھنا چاہیے کوئی شخص دیوار یا دروازہ پھلانگ کر آیا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بعض افراد توہین عدالت کی درخواستیں بھی دائر کر رہے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے فریقین کو نوٹس کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔

مزید خبریں