هفته,  23 نومبر 2024ء
جعلی الیکشن کے نتیجہ میں حکومت بنانے والے ہائی جیکرز اور قبضہ گروپ ہیں، سراج الحق

لاہور(روشن پاکستان نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جعلی الیکشن کے نتیجہ میں حکومت بنانے والے ہائی جیکرز اور قبضہ گروپ ہیں، جو عمارت تعمیرکی گئی،چند مہینوں بعد دھڑام سے گر جائے گی، ملبہ اٹھانے والا بھی کوئی نہیں ہوگا،ایک چور کے بعد دوسرے چور کومسلط کرنے والوں سے عوام سوال کرتی ہے کہ 8فروری کو ان کا قطاروں میں کھڑے کرکے وقت کیوں ضائع کیا، قوم اب حساب کتاب چاہتی ہے، الیکشن میں نام نہاد کامیابیاں حاصل کرنے والوں کے چہروں پر مصنوعی مسکراہٹ ہے اور جیبوں میں امریکا و یورپ کے ویزے ہیں

عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی آخری حکومت ہوگی، ان کے سر سے اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ اٹھ جائے تو یہ ایک لمحے کے لیے بھی جماعت اسلامی کا مقابلہ نہیں کرسکتے، مایوسی کی کوئی وجہ نہیں، حق کی فتح ہوگی، جس روز انتخابی سرگرمیاں معطل کرکے فلسطین کے لیے آواز بلند کرنا شروع کی، اسی دن اندازہ ہوگیا تھا استعماری طاقتیں جماعت اسلامی کا راستہ روکیں گی،یقین ہے امت کامیاب ہوگی، پاکستان کا مستقبل روشن ہے، جمعیت کا نوجوان باطل نظام کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید کمر کس لے، گلی گوچوں، یونیورسٹیوں، کالجز،سکولوں میں نوجوانوں کو منظم کیا جائے، پرامن اسلامی انقلاب کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔

مزیدپڑھیں:رکن پنجاب اسمبلی اورمریم نوازکی قریبی ساتھی بشری بٹ پی ٹی آئی پر برس پڑیں

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ پنجاب میں اسلامی جمعیت طلبہ کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف، امیر جماعت کے معاون خصوصی حافظ اسرار، ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ شکیل احمد اور سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ اسد قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔سراج الحق نے کہا کہ ملک کے حکمران عالمی اسٹیبلشمنٹ کے وفادار ہیں، قوم پر مسلط کرپٹ ٹولہ کی وجہ سے معیشت تباہ ہوگئی، یہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے اشاروں پر معاشی نظام چلاتے ہیں، قرآن کریم نے جتنی شدت سے سود سے ممانعت کی ہے یہ اسی شدت سے اسے جاری رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے امریکا کے خوف سے غزہ کی قیادت سے فلسطینیوں کی شہادتوں پر اظہار افسوس تک نہیں کیا، یہ عوام پر مہنگائی اور بے روزگاری مسلط کرنے والے ہیں، ان کی وجہ سے کسان مزدور دن بھر محنت کرکے بھوکا سوتا ہے، پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں

انہوں نے وسائل سے مالا مال ملک پر اربوں ڈالر کے قرضے مسلط کیے، یہ سماجی نظام تباہ کرنے کے لیے سیکولر ایجنڈے پر ٹرانس جینڈر ایکٹ لے کر آئے، کشمیر پر سودے بازی کی، ڈاکٹر عافیہ کو امریکا کے حوالے کیا، یہی کرپٹ سرمایہ داروں،ظالم وڈیروں اور جاگیر داروں کے حکمران ٹولے کی تکون این جی اوز کے تعلیمی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی گلیوں کوچوں اور ایوانوں میں ہائی جیکروں کا مقابلہ کرے گی، حق اور سچ کے غالب آنے کا وعدہ اللہ نے کیا ہے، ملک میں اسلامی نظام نافذ ہوکر رہے گا۔

امیر جماعت نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ اس شجر سایہ دار کا نام ہے جس کی آبیاری سید مودودیؒ نے کی، اس تحریک کی رگوں میں حسن البناؒ کی فکر کا لہو دوڑ رہا ہے، جمعیت کے نوجوان زمانے کے غزالیؒ، ابدالیؒ، ابن قاسمؒ اور اقبالؒ ہیں، جمعیت کو مبارکبا د دیتا ہوں کہ اس کا تعلق اس قافلہ سے ہے جو فرعونیت کے مقابلے کے لیے کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت کی اجتماعیت پاکستان کے خزانوں کی طرح قیمتی ہے، ہم سب اس نظریہ پر اکٹھے ہیں کہ دنیا میں اللہ کے سوا کسی کا حکم نہیں چلے گا، پاکستان میں ہم کلمہ کی بنیاد پر ایک ہیں، ہم علاقائی، نسلی تعصبات سے بالا ہیں اور ملک کو لا الہ کی لڑی میں پرو کر یہاں اسلامی نظام کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ استعمار نے اسلامی ممالک کے معاشی، سیاسی،سماجی اور تعلیمی نظام پر قبضہ کیا ہوا ہے، ہم پاکستان کو اس قبضہ سے آزادی دلائیں گے، ہم بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکال کر اللہ کی غلامی میں دینے کی جدوجہد پوری ہمت جرأت اور اخلاص سے جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں