پیر,  27 اکتوبر 2025ء
جنوبی ایشیا میں امن کی تمام راہیں کشمیر سے ہو کر گزرتی ہیں، سحر کامران

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی سحر کامران (تمغہ امتیاز) نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن کی تمام راہیں کشمیر سے ہو کر گزرتی ہیں۔

یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں سحر کا مران نے کہا کہ 27 اکتوبر کا دن بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے اُس سیاہ دن کی یاد دلاتا ہے جب 1947 میں بھارتی افواج نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن دہائیوں پر محیط انسانی حقوق کی پامالیوں، جبر و استبداد، اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی علامت ہے۔ سحر کا مران نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی کا مقصد کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اسے زبردستی بھارتی یونین میں ضم کرنا اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے ذریعے کشمیری مسلمانوں کو محروم و کمزور بنانا تھا۔

مزید پڑھیں: فیصلہ سازی میں خواتین کی شمولیت کے بغیر فیصلے کمزور اور نامکمل ہوتے ہیں، سحر کامران

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ظلم، سنسرشپ اور نوآبادیاتی پالیسیوں کے خلاف بہادری سے مزاحمت کر رہے ہیں اور عالمی برادری تک اپنی آواز پہنچا رہے ہیں تاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

سحر کامران نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری اس دیرینہ تنازع کو حل کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کے جائز اور قانونی حقوق کی حمایت کرے۔

مزید خبریں