اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد پولیس میں تعینات سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) عدیل اکبر نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار خود کشی کر لی۔
ذرائع کے مطابق واقعہ آج شام شاہراہ دستور پر پیش آیا، جہاں ایس ایس پی نے گاڑی میں خود کو گولی مار کر اپنی جان لے لی۔
وفاقی وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اس حوالے سے بتایا کہ افسوس ناک واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، سیف سٹی کے کیمروں میں فوٹیج سامنے نہیں آئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دم توڑنے والے ایس ایس پی کا موبائل فون بھی لاک ہے جس کا فرانزک کروایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی: شہری پر تشدد کی ویڈیو منظرعام پر، پولیس کا رات بھر کریک ڈاؤن، مرکزی ملزم گرفتار
ذرائع کے مطابق عدیل اکبر کا تعلق ضلع گجرات اور پولیس سروس آف پاکستان کے 46ویں کامن سے تھا، ایس پی عدیل اکبر کی ایک سالہ ننھی بیٹی بھی تھی۔
ذرائع کے مطابق عدیل اکبر سی ایس ایس میں اپنے بیچ کے ٹاپر تھے، انہیں گزشتہ روز ڈینگی کا مرض بھی تشخیص ہوا تھا، بیماری کے باوجود مرحوم ایس ایس پی ڈیوٹی پر موجود رہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ عدیل اکبر ترقی نہ ملنے کی وجہ سے بھی شدید ڈپریشن کا شکار تھے، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے تمام بیچ میٹ گزشتہ سال ایس پی کے عہدے پر پروموٹ ہوگئے تھے جب کہ عدیل اکبر کی آئندہ بورڈ تک ترقی کو ملتوی کیا گیا تھا۔
عدیل اکبر اسلام آباد پولیس میں بطور ایس پی آئی نائن تعینات تھے۔